اسلام آباد:مالی سال 2023-24 کا اقتصادی سروے جاری کردیا گیا جس کے مطابق ملک میں ایک سال میں گدھوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔
اقتصادی سروے کے مطابق ایک سال میں گدھوں کی تعداد میں ایک لاکھ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سروے میں بتایا گیا ہے کہ گدھوں کی تعداد 59 لاکھ تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال ملک میں گدھوں کی تعداد 58 لاکھ تھی اور سال 2021-22 میں گدھوں کی تعداد 57 لاکھ تھی۔
اقتصادی سروے کے مطابق دو سال میں گدھوں کی تعداد میں دو لاکھ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ایک سال میں گھوڑوں کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوا اور ملک میں گھوڑوں کی تعداد 4 لاکھ تک ریکارڈ کی گئی۔
اقتصادی سروے کے مطابق ایک سال میں بھینسوں کی تعداد میں 13 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد میں ملک میں بھینسوں کی تعداد 4 کروڑ 63 لاکھ ہوگئی ہے۔
اقتصادی سروے کے مطابق ایک سال میں گائیوں کی تعداد میں 20 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ملک میں گائیوں کی مجموعی تعداد 5 کروڑ 75 لاکھ ہوگئی ہے۔اس کے علاوہ ایک سال میں بکریوں کی تعداد میں 2 کروڑ 2 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے اور بکریوں کی تعداد 8 کروڑ 70 لاکھ ہوگئی ہے۔
اقتصادی سروے کے مطابق ایک سال میں اونٹوں کی تعداد میں بھی اضافہ نہیں ہوا جبکہ ایک سال میں بکریوں اور بکروں کی تعداد میں 2 کروڑ 2 لاکھ کا اضافہ ہوا اور بھیڑوں کی تعداد میں ایک سال میں 40 لاکھ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔