کویت سٹی: عمارت میں آگ لگنے سے 41 بھارتی محنت کش جاں بحق ہوگئے۔ بیشتر ہلاکتیں دھویں کے باعث دم گھٹنے سے ہوئیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کویت کے شہر منگاف کی 6 منزلہ عمارت میں 160 مزدور رہائش پذیر تھے۔ آگ پہلے عمارت کے کیچن میں لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
جنوبی کویت کے شہر منغف میں آگ بدھ کو مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے پانچ بجے لگی۔ جس عمارت میں آگ لگی وہ محنت کشوں کی رہائش کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ اس عمارت میں بھارتی محنت کش بھی سکونت پذیر تھے۔
ہلاک ہونے والوں میں پانچ کیرالی باشندے بھی شامل ہیں۔ اس عمارت میں مبینہ طور پر کیرالہ اور تمل ناڈو کے مزدوروں سمیت تقریباً 195 مزدور رہتے تھے۔
بھارتی وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے متاثرہ خاندانوں سے ان کے پیاروں کی ہلاکت پر اظہارِ تعزیت کیا ہے۔
میجر جنرل عید راشد حماد نے بتایا کہ مقامی حکام کو اس سانحے کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے دی گئی۔
حکام نے بتایا کہ 43 افراد کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا ان میں سے بھی 4 نے بعد میں دم توڑ دیا۔
ایک سینیر پولیس کمانڈر نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ متعدد محنت کشوں کو بچالیا گیا تاہم ہلاکتیں اس لیے زیادہ ہیں کہ پوری عمارت میں دھواں بھر جانے سے بہت سے لوگوں کا دم گھٹ گیا۔
میجر جنرل عید راشد حماد کا کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ کسی بھی عمارت میں بہت زیادہ لوگوں کو ٹھہرانے کے حوالے سے خبردار کرتے رہتے ہیں۔ گنجائش سے زیادہ لوگ رہتے ہوں تو کسی حادثے کی صورت میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ ہی جاتی ہے۔