تل ابیب: حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے جنوبی غزہ میں ایک عمارت میں بوبی ٹریپ دھماکے میں 4 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک اور 7 کو زخمی کردیا۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق رفح کے علاقے شابورا مہاجر کیمپ میں اسرائیلی فوجیوں کو ایک عمارت کے اندر مشتبہ نقل و حرکت محسوس ہوئی توانہوں نے وہاں کارروائی کا فیصلہ کیا، تاہم داخل ہونے سے قبل اندر بارودی مواد پھینک کر دھماکے کیے تاکہ اگر یہ کوئی جال ہو تو اسے ناکام بنایا جاسکے۔
اسرائیلی فوجی اچھی طرح اطمینان کرنے کے بعد اندر داخل ہوئے۔ جیسے ہی دو فوجی تین منزلہ عمارت میں داخل ہوئے تو اندر ایک زوردار دھماکا ہوا جس سے عمارت جزوی طور پر زمیں بوس ہوگئی اور اسرائیلی فوجی ملبے تلے دب گئے۔
حملے میں 4 فوجی ہلاک اور 7 زخمی ہوئے، جن میں سے پانچ کی حالت تشویشناک ہے۔ہلاک فوجیوں میں کمپنی کمانڈر میجر تال پشیبلسکی شاولوف، اسٹاف سارجنٹ ایٹن کارلسبرون، سارجنٹ الموگ شلوم اور سارجنٹ یائر لیون شامل ہیں۔ ان سب کا تعلق گیواتی بریگیڈ کی جاسوس یونٹ سے تھا۔ سارجنٹ یائر لیون اسرائیلی انتہاپسند سیاست دان موشے فیگلن کا پوتا تھا۔
بعدازاں اسرائیلی فوجی کو عمارت میں ایک بارودی سرنگ کا ثبوت ملا، جس سے پتہ چلا کہ یہ حماس کا بچھایا گیا ایک جال تھا۔
7اکتوبرکے بعد سے غزہ میں حماس کے خلاف اسرائیلی زمینی کارروائی کے دوران ہلاک فوجیوں کی تعداد 299 ہو گئی۔