چیمپئنز ٹرافی 2025،امریکا میں پاک بھارت کرکٹ حکام کی ملاقات

نیویارک(اُمت نیوز) امریکا میں پاک بھارت کرکٹ حکام کی ملاقات میں چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے بھی بات ہوئی ہے، بی سی سی آئی نے ہمیشہ کی طرح گیند اپنی حکومت کے کورٹ میں ڈال دی، البتہ پی سی بی بلو شرٹس کے پاکستان آنے کیلیے پُرعزم ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان طویل عرصے بعد آئندہ برس چیمپئنز ٹرافی کی صورت میں کسی آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرے گا، بھارت نے اپنی ٹیم کو سرحد پار نہ بھیجنے کی پالیسی اپنائی ہوئی ہے،اسی وجہ سے پی سی بی کو گزشتہ برس ایشیا کپ ہائبرڈ ماڈل کیتحت کرانا پڑا تھا، بھارتی ٹیم نے اپنے میچز سری لنکا میں کھیلے ، چیمپئنز ٹرافی مجوزہ طور پر 19 فروری سے 9 مارچ کے دوران ہونی ہے۔

اس میں ہائبرڈ ماڈل اپنانا ممکن نہیں لگتا، پی سی بی ایونٹ کو یو اے ای یا کسی اور ملک منتقل کرنے پر بھی آمادہ نہیں ہے، حکام کو مکمل امید ہے کہ بھارتی ٹیم ٹورنامنٹ میں شرکت کیلیے لاہور آئے گی، ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ دنوں نیویارک میں پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام کی ملاقات میں چیمپئنز ٹرافی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،البتہ بھارت نے ہمیشہ کی طرح وہی موقف اپناتے ہوئے کہا کہ فیصلہ حکومت کرے گی۔
رابطے پر ایک پی سی بی آفیشل نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ایونٹ مکمل طور پر ہمارے ملک میں ہی ہوگا، اسی لیے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن پر بھاری رقم خرچ کی جا رہی ہے،یاد رہے کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے،کراچی اور راولپنڈی میں بھی اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش ہوگی، اس حوالے سے دسمبر کے آخر تک کی ڈیڈ لائن رکھی گئی ہے، یہی تینوں وینیوز میگا ایونٹ کے میزبان ہوں گے۔