اسلام آباد: سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی بریت سپریم کورٹ میں چیلنج کردی گئی۔
ایف آئی اے نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی۔
ایف آئی اے نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ ظاہرنہیں کرتا کن بنیادوں پر ملزمان کو بری کیا گیا، ہائی کورٹ کے فیصلے میں ظاہر نہیں ہوتا کہ پراسیکیوشن کیس ثابت کرنے میں ناکام رہا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ نے پراسیکیوشن کے ثبوتوں کو اہمیت نہیں دی، سائفر کیس میں 3 جون کو ہائی کورٹ کا دیا گیا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
ایف آئی اے نے کہا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923ء کے تحت اسپیشل جج کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر نہیں کی جاسکتی، ٹرائل کورٹ میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی نے تعاون نہیں کیا، ٹرائل کورٹ نے ملزمان کی جانب سے 65 درخواستوں پر سماعت اور فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں بری کیا تھا۔