کراچی (اسٹاف رپورٹر) امت گروپ آف پبلی کیشنز شعبہ آرٹ کے سابق سربراہ اور خطاطی کے نامور استاد عبدالرشید شاہد انتقال کر گئے ۔انا للہ وانا الیہ راجعون۔مرحوم کی عمر82 برس تھی۔ وہ کافی عرصے سے علیل تھے۔مرحوم کے صاحبزادے انجم رشید کے مطابق جمعرات کی صبح انہیں طبیعت زیادہ بگڑنے پرہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج خالق حقیقی سے جا ملے۔انہوں نے پسماندگان میں بیوہ، 5بیٹے اور پوتیاں پوتے چھوڑے ہیں جبکہ وہ بڑی تعداد میں اپنے شاگردوں اور قارئین کو بھی سوگوار کر گئے۔ان کی نماز جنازہ آج بروز جمعہ ادا کی جائے گی۔مرحوم عبدالرشید شاہد 1942 میں پنجاب کے شہر گجرات میں پیدا ہوئے۔خطاطی ،مصوری، طبابت اور درس و تدریس خاندانی اوصاف میں شامل تھے۔رشید شاہد بے پناہ خوبیوں اور صلاحیتوں کے مالک، صاحب علم شخصیت تھے۔ روزنامہ "امت” میں "چراغ آفریدم ” کے عنوان سے ان کا کالم طویل عرصے تک چھپتا رہا۔۔ہفت روزہ تکبیر کے بانی کارکن کے طور پر شہید محمد صلاح الدین کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتا تھا جبکہ امت کے ایڈیٹر انچیف مرحوم رفیق افغان کے بھی معتمد تھےاور آخر وقت تک امت گروپ کے ساتھ تعلق قائم رکھا۔۔ہفت روزہ تکبیر ، غازی اور روزنامہ امت کے علاوہ ماہ نامہ سب رنگ ، سہ ماہی آج سمیت بے شمار رسائل و جرائد اور اخبارات کی ” لوح ” ان کے ہاتھ کی لکھی ہوئی ہے ۔نستعلیق ، خط نسخ ،رقعہ ، اور عربی خط میں ان کی مہارت اعلیٰ درجے کی تھی۔خط کوفی کی ایک مخصوص طرز کے موجد بھی تھےجبکہ انہیں مختلف اخبارات و جرائد میں ڈیزائننگ کی سرخیاں اور نت نئے انداز متعارف کرانے کا بھی اعزاز حاصل رہا۔وہ شعبہ خطاطی کے نامور اساتذہ کے ہم عصر رہے۔انہوں نے خطاطی میں اپنے استاد شریف گلزار کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے "خطاطی کے شاہجہان” کے عنوان سے ایک معرکۃ الآرا کتاب لکھی. اس کے علاوہ انہوں نے حج بیت اللہ کے روح پرور سفر پر مبنی کتاب”قدم قدم سوئے حرم” بھی تحریر کی جو قسطوں میں امت میں شائع ہو چکی ہے۔جبکہ زیر طبع تصنیفات میں ناول "سونالی” اور کالموں کے دو مجموعے "کنویں والیاں” اور "یک چشم گل” شامل ہیں۔ ان کا طرز تحریر سادہ پراثر اور دل آویز تھا. 1960 میں روزنامہ آفاق سے کیریئر کا اغاز کیا۔پھر روزنامہ مشرق اور اخبار خواتین سے منسلک ہوئے جہاں 30 برس کا طویل عرصہ گزارا۔بعد ازاں ہفت روزہ تکبیر سے منسلک ہو گئے اور آخر وقت تک امت سے اپنا تعلق قائم رکھا۔
عبدالرشید شاہد/انتقال
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos