مظفرآباد: آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے شاعر احمد فرہاد کی ضمانت منظور کر لی۔
آزاد کشمیر کی ہائیکورٹ نے شاعر و صحافی احمد فرہاد کی 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔
چیف جسٹس مظفر آباد ہائیکورٹ صداقت حسین راجہ نے ریمارکس دیے کہ عدالتی نظام کی خرابی کی وجہ سے احمد فرہاد کو سزا بھگتنی پڑی۔
آج کل کے جج بھی سیاستدانوں کی طرح میڈیا کو دیکھتے ہیں کہ آج میڈیا پر میری خبر چلی ہے کہ نہیں، پھر تاثر دیا جاتا ہے کہ آزاد کشمیر کا عدالتی نظام مضحکہ خیز ہے، آزاد کشمیر ایک چھوٹی سی ریاست ہے اور ہمارا اپنا عدالتی نظام ہے۔
چیف جسٹس مظفر آباد ہائیکورٹ نے احمد فرہاد کی فیملی کو تنبیہ کی کہ؛ ’’آپ اپنے شوہر کو سمجھائیں کہ وہ بے شک اپنی شاعری کے ذریعے جذبات کا اظہار کرے لیکن احمد فرہاد صرف شاعری کرے، صحافت نہ کرے۔‘‘
خیال رہے کہ شاعر احمد فرہاد مئی کے مہینے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے لاپتا ہوئے تھے جن کی بازیابی کے لیے ان کی اہلیہ عروج زینب نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
درخواست دائر کیے جانے کے بعد آزاد کشمیر پولیس نے ان کی گرفتاری ظاہر کی تھی، بعدازاں وفاقی حکومت نے بھی 29 مئی کو 15 روز بعد اسلام آباد سے لاپتہ شاعر اور صحافی احمد فرہاد کی گرفتاری ظاہر کر دی تھی۔