حجاج اور حج کا امن ریڈ لائن ہے، ترجمان وزارتِ داخلہ

سعودی عرب(اُمت نیوز)سعودی وزارتِ داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حج اور حجاج کے امن کو متاثر کرنے کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا، حجاج اور حج کا امن ریڈ لائن ہے۔

مکہ مکرمہ چیمبرآف کامرس میں وزارت اطلاعات کے میڈیا سینٹر میں حج کے پہلے دن پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل الشلھوب نے کہا کہ اب تک 160 فرضی حج خدمات کے اداروں کو سیل کیا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ 6135 اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حراست میں لیا گیا،انہوں نے کہا کہ حج کا پہلا مرحلہ بخیر و خوبی مکمل ہو گیا۔

وزارتِ داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ عازمین حج کی منی منتقلی کا عمل مقررہ شیڈول کے مطابق انجام دیا گیا۔

وزارت داخلہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں حج پرمٹ کے بغیرکسی کو مشاعر مقدسہ میں جانے کی اجازت نہیں دیتی ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جاتی ہے جو پرمٹ کے بغیرحج سیزن میں مکہ مکرمہ داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لاجسٹک سروسز کے ترجمان صالح الزوید نے بتایا کہ 90 ممالک سے 19 ہزار پروازیں مملکت پہنچیں،سب سے زیادہ پروازوں کی تعداد یکم ذوالحجہ کو ریکارڈ کی گئی جو 650 تھی ۔

الزوید کا مزید کہنا تھا کہ امسال سوڈان سے 7 بحری جہازوں کے ذعیعے عازمین حج جدہ کی اسلامی بندرگاہ پرپہنچے۔

سعودی ریلوے کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ مشاعر ٹرین سروس بھی مکمل طورپر فعال ہے جو حجاج کرام کو منی ، مزدلفہ اور عرفات لے جانے اور لانے کے لیے مخصوص ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔