سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے موٹر سائیکل استعمال کرنے والے شہریوں کیلئے سبسڈی سکیم شروع کرنے کا مطالبہ کر دیاہے
تفصیلات کے مطابق قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی زیرِ صدارت ہوا جس میں ممبران اور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ملک امجد زبیر نے شرکت کی،اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق معاملہ بھی زیرِ بحث آیا جس پر کمیٹی نے سفارش کی کہ امیر طبقے کیلئے ہائی اوکٹین پر پیٹرولیم لیوی 75 سے بڑھا کر 80 روپے کی جائے۔
چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے اظہار خیال کیا کہ موٹر سائیکل والوں کیلیے پیٹرول پر سبسڈی اسکیم شروع کی جائے، حکومت نے بجٹ میں پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی 60 سے 80 روپے لیٹر کر دی۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ انڈونیشیا کی حکومت موٹرسائیکل والوں کو کم ریٹ پر پیٹرول مہیا کر رہی ہے،انڈونیشیا کی حکومت موٹرسائیکل والوں کو کم ریٹ پر پیٹرول دے سکتی ہے تو پاکستان کیوں نہیں؟،اجلاس میں مہنگی گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی اوکٹین پر لیوی کی شرح 75 روپے لیٹر تجویز کی گئی۔
سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ موٹر سائیکل اور لگثری گاڑی والے کیلیے لیوی ایک جیسی نہیں ہونی چاہیے،کمیٹی نے امیروں سے ٹیکس لے کر غریبوں پر خرچ کرنے کی بھی سفارش کی۔ سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ ہائی اوکٹین پر لیوی 100 روپے لیٹر ہونی چاہیے۔ ممبر فاروق نائیک نے موٹر سائیکل والے طبقے کیلیے سستے پیٹرول کیلیے الگ پمپس لگانے کی تجویز دے دی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے عید الاضحیٰ پر عوام کو بڑا تحفہ دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے تک کمی کا اعلان کر دیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے،وزیراعظم نے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے 20 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 2.33 روپے کی کمی کی منظوری دید ی ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 258 روپے 16 پیسے اور ڈیزل کی نئی قیمت فی لیٹر267 روپے 89 پیسے ہو گی ۔