پاکستان سے کون کون بطور شاہی مہمان حج کیلئے مدعو کیا گیا ہے؟

سعودی عرب (اُمت نیوز)سعودی حکومت نے 2 پاکستانی یوٹیوبرز کو رواں سال بطور شاہی مہمان حج کے لیے مدعو کیا ہے۔

رواں سال بطور شاہی مہمان حج ادا کرنے والے خوش نصیبوں میں معروف پاکستانی یوٹیوبر عرفان جونیجو اور یوٹیوبر و میزبان یاسر شامی بھی شامل ہیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر عرفان جونیجو نے حال ہی میں پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی حکومت نے بطور شاہی مہمان انہیں حج کی ادائیگی کے لیے مدعو کیا ہے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں وزارت میڈیا کے ایس اے کا شکریہ بھی ادا کیا اور لکھا کہ یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ رواں سال مجھے سعودی حکومت اور وزارت میڈیا کے ایس اے نے بطور شاہی مہمان حج کے لیے مدعو کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ 2 ذی الحجہ کو جدہ پہنچے، جس کے بعد انہوں نے کلاک ٹاور کے اوپر واقع میوزیم اور حج میڈیا ہب کا دورہ کیا۔

یوٹیوبر حج کے انتظامات اور دستاویزات کے لیے مختلف وزارتوں اور محکموں کے درمیان ہم آہنگی سے بہت متاثر ہوئے۔

انہوں نے اپنی انسٹا پوسٹ میں یہ بھی لکھا کہ کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ صحت، میڈیا، ٹرانسپورٹ اور بہت سی مختلف وزارتیں اور محکمے حج کے ایام کو منظم اور دستاویزی شکل دینے کے لیے کس طرح یکجا ہو جاتے ہیں۔

عرفان جونیجونے اس ناقابل یقین اور اس طرح غیر معمولی انداز میں حج کا تجربہ کرنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے مزید لکھا کہ الحمدللہ میں اس موقع کے لیے بے حد مشکور ہوں، مجھے اپنی دعاؤں میں رکھے گا۔

واضح رہے کہ عرفان جونیجو کا شمار پاکستان کے بڑے اور نامور یوٹیوبرز میں ہوتا ہے اور اُن کے ولاگز سے مُتاثر ہوکر پاکستان میں بہت سے نوجوانوں نے ولاگنگ کی دُنیا میں قدم رکھا ہے۔ ان کی ان ہی خدمات کے پیش نظر سعودی حکومت نے انہیں خصوصی اعزاز سے نوازا ہے۔

دوسری جانب یوٹیوبر و میزبان یاسر شامی نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرکے اس حوالے سے آگاہ کیا ہے۔

انہوں نے اپنی انسٹاپوسٹ میں لکھا کہ ’آتے ہیں وہی جن کو سرکار بلاتے ہیں‘، دو بار عمرہ کے لیے ویزہ لگا، ہر بار شرمندگی نے قدم روک لیے، ویزے ایکسپائر ہوگئے، یہ سوچ کر نہیں جا سکا کہ میں اتنا گناہ گار ہوں، سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے کس منہ سے پیش ہوں گا، اپنے گناہوں پر شرمندگی پیروں کی زنجیر بنی رہی لیکن بقول شخصے… ’’آتے ہیں وہی جن کو سرکار بلاتے ہیں‘‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ سعودی حکومت نے حج کی سعادت حاصل کرنے کی دعوت دی ہے، پوری دنیا سے 1100 انفلوئنسرز رواں برس حج کے لیے شاہی مہمان ہوں گے، جن میں پاکستان سے بلائے گئے 2 لوگوں میں یہ بندہ نا چیز بھی شامل ہے۔

انہوں نے خوشی کا ظہار کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ دل میں ایک خوشی بھی ہے اور ساتھ شرمندگی بھی کہ میں گناہ گار سا بندہ کس منہ سے دربار رسالت صلی اللہ علیہ وسلم میں جاؤں گا، آپ سب دعا کریں کہ اللہ میری حاضری کو قبول فرمائے اور مجھ سمیت تمام مسلمانوں کو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت نصیب فرمائے، اللہ میری والدہ کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے، ان کی قبر کو نور سے بھر دے، یہ سب میری والدہ کی جوتیوں کا صدقہ ہے ورنہ میری تو اتنی اوقات نہیں، دعا گو، یاسر شامی‘۔

واضح رہے کہ خادم الحرمین شریفین کی میزبانی میں حج پروگرام ہر سال جاری کیا جاتا ہے جس میں دنیا بھر سے متعدد افراد شاہی مہمان کے طور پر حج ادا کرتے ہیں۔

رواں سال کے لیے خادم حرمین شریفین نے 3 ہزار 322 عازمین حج کی میزبانی کا شاہی فرمان جاری کیا، جس میں فلسطینی متاثرین کے خاندانوں کے 2ہزار افراد بھی شامل ہیں۔

 

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔