آسٹریلیا(اُمت نیوز)آسٹریلیا کے ایک گاؤں میں کتوں کو کھانے والے مگر مچھ نے مقامی لوگوں میں خوف پیدا کر دیا تھا جسے لوگوں نے مار دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مقامی آبادی میں دہشت پھیلانے والے اس مگر مچھ کو لوگوں نے پکڑ کر مار ڈالا اور بعد ازاں اسے ایک دعوت کے طور پر پکا کر کھا گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی آسٹریلیا کے ایک گاؤں کے لوگوں نے کھارے پانی کے مگرمچھ کو روایتی تہوار کے دوران مار کر کھا لیا، اس مگرمچھ کی لمبائی 3.63 میٹر تھی۔
یہ مگرمچھ اس سال کے شروع میں آنے والے سیلاب کے بعد قریبی موجود دریائے بائنس میں چلا گیا تھا، مبینہ طور پر اس مگرمچھ نے مقامی لوگوں کے متعدد کتوں کو بھی مار کر کھا لیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس مگرمچھ کی وجہ سے بچوں اور بڑے سمیت سب ہی لوگ خوف میں مبتلا تھے جس کے بعد مقامی لوگوں، بزرگوں اور زمینداروں سے بات کرنے کے بعد پولس نے مگرمچھ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مگرمچھ کو مارنے کے بعد اسے قریبی علاقے میں لے جایا گیا جہاں بڑے پیمانے پر روایتی انداز میں اسے ایک دعوت کے لیے پکایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق اس مگرمچھ کا سوپ اور بار بی کیو بھی بنایا گیا جبکہ کچھ گوشت کو کیلے کے پتوں میں لپیٹ کر زیر زمین بھی پکایا گیا، اس دعوت میں کئی لوگوں نے پیٹ بھر کر کھانے کھائے۔