ظلم کا شکار اونٹ کو مصنوعی ٹانگ لگائی جائے گی: ڈپٹی کمشنر سانگھڑ

 

سانگھڑ(اُمت نیوز)ڈپٹی کمشنر سانگھڑ کا کہنا ہے کہ وڈیرے کی جانب سے ٹانگ کاٹنے کے ظلم کا شکار اونٹ کو مصنوعی ٹانگ لگائی جائے گی۔

ایک بیان میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اونٹ کو گزشتہ روز کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

سانگھڑ میں 2 روز قبل کھیت میں داخل ہونے والے اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی گئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اونٹ کی ٹانگ کاٹنے پر 5 افراد کو گرفتار لیا گیا ہے، جن میں سے 2 ملزمان نے اعترافِ جرم بھی کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ واقعے سے متعلق ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو قانون حرکت میں آیا تھا۔

صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے بتایا تھا کہ ملزمان اور اونٹ کے مالک میں معاملات طے ہو چکے تھے، انسانی طور پر یہ ناقابل قبول ہے، اس لیے ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بااثر وڈیرے کے ظلم کے شکار ہونے والی اونٹنی کے مالک کو 2 اونٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کھیت میں داخل ہونے پر اونٹ کی ٹانگ کاٹ دینا انسانیت نہیں۔