کراچی: کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای) نے خیبر پختونخوا کے ٹائون لنڈی کوٹل میں روزنامہ خیبر نیوزکے رپورٹرخلیل جبران کو نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کرکے قتل کیے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئےواقعہ کی شدید مذمت کی۔
اس سلسلے میں سی پی این ای کے صدر ارشاداحمد عارف، نائب صدر(خیبر پختونخوا)طاہر فاروق اور سیکریٹری جنرل اعجازالحق نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ملک بھر میں آئے روز صحافیوں کو دن دیہاڑے قتل کیا جارہا ہے، وفاقی و صوبائی انتظامیہ ، قانون نافذ کرنے والے ادارے انہیں تحفظ فراہم کرنے میں یکسر ناکام ہیں،جو قابل مذمت امر ہے۔
انھوں نے کہاکہ ہر شہری کی طرح صحافیوں کے جان ومال کا تحفظ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بنیادی ذمے داری ہے ۔انھوں نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا، کے پی پولیس اور مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ صحافی خلیل جبران کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے قانون کٹہرے میں لایا جائے اور قتل میں ملوث کرداروں کو بے نقاب کیا جائے۔