ڈیرہ اسماعیل خان: خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اراکینِ اسمبلی کو لوڈشیڈنگ کنٹرول کرنے کا ٹاسک دے دیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم سے آخری بار کہہ رہا ہوں کہ ہمیں صوبے کا پیسہ دو، اگر نیشنل گرڈ سے بجلی کم کی گئی تو بجلی بند کر دوں گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا نے کہا کہ آپ ہمیں مجبور کر رہے ہیں، یہ لوگ مینڈیٹ چوری کر کے حکومت میں بیٹھے ہیں، آپ کس طرح بیٹھے ہیں؟ آپ کو کس طرح نکالنا ہے؟ مجھے پتہ ہے۔وفاق اپنی ذمے داری پوری نہیں کر رہا، واپڈا خیبرپختونخوا کے ساتھ زیادتی کر رہا ہے، 12 گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ کسی فیڈر سے نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھے آپ کی سپورٹ چاہیے، وفاق کے ذمے ہمارے صوبے کے 16 ارب روپے واجب الادا ہیں، ہمیں اپنے عوام کے تعاون کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم کو آخری بار کہتا ہوں کہ صوبے کا پیسہ دیں، ہمیں اپنا حق لینے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے صوبے کے اراکینِ اسمبلی کو لوڈشیڈنگ کنٹرول کرنے کا ٹاسک دے دیا اور انہیں کہیں بھی 12 گھنٹے سے زیادہ بجلی بند نہ ہونے دینے کی ہدایت دے دی۔علی امین گنڈاپور نے پولیس کو بھی پابند کر دیا کہ واپڈا کے کہنے پر کسی رکن کے خلاف مقدمہ درج نہ کیا جائے۔وفاقی حکومت کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ کی ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود وعدے پورے نہ ہوئے، اب ہم اور وہ آزاد ہیں۔