لاہور: بنگلا دیش کیخلاف ہوم سیریز میں نئے کھلاڑیوں کو موقع ملنے کا امکان ہے جبکہ کئی سینئر کھلاڑیوں کی "چھٹی ” ہونے جا رہی ہے ۔عبداللہ شفیق، سلمان علی آغا اور سعود شکیل ٹیم کے ایسے کھلاڑی ہیں جن کی فائنل الیون میں شمولیت یقینی ہے۔ اس حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں ۔
قومی کرکٹ ٹیم کی بنگلا دیش کے خلاف ہوم سیریز میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دیئے جانے کا قوی امکان ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی بدترین کارکردگی اور پہلے راؤنڈ سے ہی آؤٹ ہونے کے بعد کرکٹ ٹیم کڑی تنقید کی زد میں ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کو بنگلا دیش کے خلاف آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچ اب اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے ہیں جس کے اسکواڈ کے لیے سلیکشن کمیٹی نے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود اور کوچ جیسن گلیسپی کے ساتھ مشاورت شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق فاسٹ بولنگ میں شاہنواز دھانی، عامر جمال، خرم شہزاد، میر حمزہ اور نسیم شاہ کی موجودگی میں حارث رؤف کے نام پرغور نہیں کیا جائیگا جبکہ شاہین آفریدی کو ٹیسٹ سیریز میں آرام دیے جانے کا قوی امکان ہے۔ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے حوالے سے بھی انہی خطوط پر گفتگو ہو رہی ہے جبکہ ٹیسٹ کپتان شان مسعود ہوم سیریز میں وکٹ کیپر محمد رضوان کی جگہ سابق کپتان سرفراز احمد کے ساتھ جانے کی خواہش رکھتے ہیں۔