ڈیرہ اسمعیل خان : وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے خود گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوکر بجلی بحال کردی اور کہا ہے کہ 12 گھنٹے سے زائد لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔
وفاق اور خیبر پختونخوا حکومت کے درمیان بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا تنازع مزید شدت اختیار کرگیا، آج وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور ڈی آئی خان میں لوگوں کا ہجوم لے کر بجلی بحال کرنے گرڈ اسٹیشن پہنچ گئے۔ اس موقع پر ڈی پی او ڈیرہ ناصر محمود اور ڈی ایس پی عدنان بھی موجود تھے، وزیر اعلیٰ نے گرڈ اسٹیشن سے بجلی بحال کردی۔
پریس سیکریٹری برائے وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مطابق وزیراعلیٰ نے اپنے اعلان کے مطابق لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے پر فکس کردیا۔ وزیر اعلی نے خود لوڈ شیڈنگ کا شیڈول تیار کرلیا اور کہا ہے کہ اب کسی بھی علاقے میں 12 گھٹنے سے زائد وقت کے لیے لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے کے تمام پارلیمنٹیرینز اپنے اپنے علاقوں میں گرڈ اسٹیشنز کا دورہ کرکے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے شیڈول پرعمل درآمد کرائیں۔