مودی کا دورۂ کشمیر،مقبوضہ وادی میں کل ہڑتال کی کال

بھارت (اُمت نیوز)بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورۂ کشمیر کے خلاف مقبوضہ وادی میں کل ہڑتال کی کال دے دی گئی۔

کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق کُل جماعتی حریت کانفرنس نے وادی میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔

کے ایم ایس کے مطابق مودی کے دورے کے خلاف سماجی رابطوں کی سائٹس پر پوسٹرز بھی وائرل ہو رہے ہیں جبکہ مودی کے دورے سے قبل سری نگر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

کُل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت کو واضح پیغام دینا ہے کہ جموں کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع خطہ ہے، کشمیری غیرقانونی بھارتی تسلط کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی قیادت عالمی برادری کو علاقے کی صورت حال پر گمراہ کرنے کی کوشش کرتی ہے، عالمی برادری امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرے۔