اسلام آباد: سپریم کورٹ نے الیکشن ٹریبونلز کی تشکیل کا فیصلہ معطل کرنے کی الیکشن کمیشن کی استدعا مسترد کردی، سپریم کورٹ نے لارجر بنچ بنانے کیلیے معاملہ 3رکنی کمیٹی کو بھجوا دیا۔
الیکشن ٹریبونلز کی تشکیل کیخلاف الیکشن کمیشن کی اپیل پر وکیل الیکشن کمیشن نے استدعا کی کہ لاہورہائیکورٹ کے سنگل رکنی بنچ کے فیصلے پر حکم امتناع جاری کیا جائے،لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل ہوگا تو ہم ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سے بامعنی مشاورت کر سکیں گے۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ سلمان اکرم راجہ حکم امتناع جاری کرنے کی مخالفت کررہے ہیں،ہم الیکشن کمیشن کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے مشاورت کیلیے روک نہیں رہے،ممکنہ طور پر پیر کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بطور جج سپریم کورٹ حلف لے لیں گے۔
سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرد یا،سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے 9امیدواروں کو فریق بنانے کی استدعا منظورکرتے ہوئے نوٹس جاری کر دیے۔
چیف جسٹس نے کہاکہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی میں شامل 2ججز اس وقت کراچی اور لاہور رجسٹری میں ہیں،پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتے ہی ہوگا۔