ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں جنسی زیادتی یا مِحرم کے ذریعے ہونے والے حمل کو چند شرطوں کے ساتھ گرانے کی اجازت دی گئی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے سرکاری انگریزی اخبار کے مطابق طبی ذمہ داری کے قانون 2024 کی کابینہ کی قرارداد نمبر (44) میں کہا گیا ہے کہ اسقاط حمل کی اجازت ہے” اگر حمل کسی خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی یا اس کی رضامندی کے بغیر ٹھہرا ہو یا حمل کا سبب بننے والا خاتون کا مِحرم ہو۔
قرارداد کے تحت 120 دن تک کے حمل کو گرانے کی اجازت ہوگی اور یہ اُن لوگوں پر لاگو ہوگا جو کم از کم ایک سال سے متحدہ عرب امارات میں مقیم ہوں۔ اسقاط حمل کے عمل کو طبی پیچیدگیوں سے پاک اور خواتین کے جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ عہدیدار نے سرکاری اخبار کے نمائندے کو بتایا کہ ہمیں خواتین، بچوں اور خاندانوں کے تحفظ کے لیے مزید قانون سازی کی ضرورت ہے۔
یہ قرارداد، متحدہ عرب امارات کے صدر اور وزیراعظم کی توثیق کے بعد نافذ العمل ہو جائے گی۔