راولپنڈی(اُمت نیوز) آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبہ کے وزیر لیو جیان چاؤ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں چین پاکستان اقتصادی راہداری پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
آرمی چیف نے چین کے ساتھ تزویراتی شراکت داری کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) کے ایک اہم منصوبے سی پی ای سی کے کامیاب نفاذ کے لیے مکمل تعاون کا وعدہ کیا۔
لیو جیانگ چاؤ نے کہا کہ چین میں دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان کامیاب ملاقاتوں کے بعد پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور سی پیک پر حاصل ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے سی پیک کی بروقت تکمیل کے لیے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔ مہمان خصوصی نے علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔