انٹیگوا (اُمت نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کے سپر 8 مرحلے کے میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز نے ساؤتھ افریقہ کو جیتنے کیلئے 136 رنز کا ہدف دے دیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے سپر 8 مرحلے کے میچ میں ساؤتھ افریقہ نے میزبان ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، دونوں ٹیمیں سر ویون رچرڈ کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل ہیں۔
ساؤتھ افریقہ کی دعوت پر ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ کا مایوس کن آغاز کیا، 5 کے مجموعی سکور پر میزبان ٹیم کے 2 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، شائی ہوپ صفر جبکہ کپتان نکولس پورن ایک رن ہی بنا پائے، تیسرے نمبر پر آنے والے روسٹن چیز نے کائل میئرز کا ساتھ دیتے ہوئے 81 رنز کی شراکت قائم کی اور مجموعی سکور 86 تک پہنچا دیا اس کے بعد 35 رنز کے ساتھ کریز پر موجود اوپنر کیچ دے بیٹھے۔
روسٹن چیز کا ساتھ دینے کیلئے ویسٹ انڈیر کا کوئی بھی بیٹر کریز پر زیادہ دیر موجود نہ رہا اور ایک کے بعد ایک کھلاڑی آؤٹ ہو کر پویلین کی طرف لوٹتا رہا، آندے رسل نے 15، عقیل حسین نے 6 رنز بنائے، الزاری جوزف 11 اور گڈکیش موتی 4 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے، یوں میزبان ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز ہی بنا پائی۔
ساؤتھ افریقہ کی جانب سے سپنر تبریز شمسی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 27 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مارکو جانسن، ایڈن مارکرم، کیشو مہاراج اور کاگیسو ربادا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ویسٹ انڈین سکواڈ
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتانی کے فرائض رومن پاول سرانجام دے رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کائل میئرز، شائی ہوپ، نکولس پورن، روسٹن چیز، آندرے رسل، شرفین رتھرفورڈ، عقیل حسین، الزاری جوزف، گڈکیش موتی اور عبید مکائے شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ سکواڈ
جنوبی افریقہ کی قیادت ایڈن مارکرم کر رہے ہیں جبکہ کوئنٹن ڈی کوک (وکٹ کیپر)، ریزا ہینڈرکس، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، ٹرسٹن اسٹبس، مارکو جانسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، اینریچ نورٹجے اور تبریز شمسی ٹیم کا حصہ ہیں۔