سعودی عرب (اُمت نیوز)سعودی وزیر صحت فہد بن عبدالرحمان کا کہنا ہے کہ حج کے دوران اموات مناسب پناہ گاہ نہ ہونے اور آرام کیے بغیر تیز دھوپ میں طویل فاصلے تک پیدل چلنے کی وجہ سے ہوئیں۔
فہد بن عبدالرحمان کے مطابق سعودی عرب میں حج کی ادائیگی کے دوران 1301 حجاج کی اموات ہوئیں۔
سعودی وزیر صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جاں بحق حجاج میں متعدد معمر اور دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد بھی شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 83 فیصد اموات ان حجاج کی ہوئیں جو اجازت کے بغیر حج میں شامل ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ مصری حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں مصر کے 672 شہری شامل ہیں جبکہ 25 لاپتہ ہیں۔
انڈونیشین حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں انڈونیشیا کے 236 شہری شامل ہیں۔
بھارتی امور خارجہ کی ایجنسی کے مطابق 98 بھارتی شہری بھی جاں بحق حجاج میں شامل ہیں۔
اسکے علاوہ جاں بحق حجاج میں تیونس، اردن، ایران اور سینیگال کے شہری بھی شامل ہیں۔