کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کو فروغ دینے کے پلان کی اصولی منظوری

لاہور (اُمت نیوز) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کو فروغ دینے کے پلان کی اصولی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔

محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کیلئے تینوں فارمیٹ کے ٹورنامنٹس کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کو ہر سطح پر پرموٹ کیا جائے، کلب لیول سے نیشنل لیول تک تسلسل کے ساتھ ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بہترین کوچز نئے ٹیلنٹ کی ٹریننگ کرکے صلاحیتوں میں نکھار لائیں گے، کارکردگی، فٹنس اور میرٹ پر کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع دیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ سے انٹرنیشنل کرکٹ سے گیپ کو کم کرنے میں مدد ملے گی، پرفارمنس اور فنٹس پر ہی کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے، میرٹ، کارکردگی اور فٹنس پر رتی بھر سمجھوتہ نہیں ہو گا۔