فریقین کو محمد زبیر کے الزامات پر قانونی چارہ جوئی کا حق ہے، فائل فوٹو
فریقین کو محمد زبیر کے الزامات پر قانونی چارہ جوئی کا حق ہے، فائل فوٹو

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے محمد زبیر کے الزامات مسترد کر دیے

لاہور:اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے محمد زبیر کے الزامات کو مسترد کر دیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ کی نواز شریف سے ملاقات تو دور کبھی فون پر بات تک نہیں ہوئی، محمد زبیر یہ تو بتائیں ملاقات کب اور کہاں ہوئی، فریقین کو محمد زبیر کے الزامات پر قانونی چارہ جوئی کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کا مطالبہ ہے کہ محمد زبیر کے بیانات پر جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ عزم استحکام آپریشن پر سیاست کی جا رہی ہے، اسمبلیاں مسائل کا حل ہونا چاہئیں، جب بھی ملک کو خطرات درپیش آئے قوم متحد ہوئی، ماضی میں نیشنل ایکشن پلان منظور کیا گیا جس کے مثبت نتائج نکلے۔

انہوں نے بتایا کہ آج اپوزیشن کا جو رویہ ہے اس کا فیصلہ تاریخ کرے گی، عزم استحکام آپریشن کامیاب ہوا تو یہ قوم کی بقا کا معاملہ ہے، اسمبلی مسائل کے حل اور قانون سازی کا فورم ہے، ملٹری کورٹس کا حامی نہیں شدید تحفظات ہیں۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنما محمد زبیر نے چند روز قبل ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عمران خان کی حکومت ختم کرنے سے پہلے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے نوازشریف سے لندن میں ملاقاتیں کیں اور انہیں ایک اور ایکسٹینشن کی پیشکش بھی کی گئی۔