اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبد القادر گیلانی نے قومی اسمبلی میں سرائیکی صوبے کے حوالے سے اہم اعلان کر دیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہم نے آپ کو وزیر اعظم کا ووٹ دیا آپ نے ہمیں کیا دیا؟ ہم کسی کی مرہون منت نہیں ہیں، ہم نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، وزیر اعظم ہوتے تو بتاتے آپ پاپولر نہیں ہیں لیکن آپ کو قومی مفاد میں سپورٹ کر رہے ہیں۔ ہم مسلم لیگ( ن) کو میثاق معیشت پر سپورٹ کرنا چاہتے ہیں۔
بدالقادر گیلانی کا کہنا تھا ٹیکس ملتا ہے تو لاہور کی اورنج لائن بنتی ہے، کیا ہمیں بجٹ کو منظور کرنا چاہیے؟ ہمیں لاہور کے برابر بجٹ دیں اور سیکرٹریٹ بحال کریں۔پی ٹی آئی کے دور میں جنوبی پنجاب کا سیکرٹریٹ بنایا گیا، مسلم لیگ (ن )نے اسے ختم کر دیا، آج ہمیں کام کے لیے لاہور جانا پڑتا ہے، یہ تخت لاہور سے کب ہماری جان چھوٹے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر اپنا گراف بڑھانا ہے تو کچھ کرنا ہوگا، سرائیکی صوبہ بناؤ کریڈٹ تم لے لو، میں سرائیکی صوبے کا بل پیش کروں گا جو مخالفت کرے گا اسے جگہ نہیں ملے گی۔