کراچی میں شدید گرمی کے باعث 2 روز کے دوران سول ہسپتال میں ہیٹ سٹروک کے 150 مریض لائے گئے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق آج صبح سے اب تک ہیٹ ویو سے 40 متاثرہ افراد کو سول ہسپتال لایا گیا جس کے بعد 2 روز کے دوران متاثرہ مریضوں کی تعداد 150 ہوگئی ہے۔
ایڈیشنل ایم ایس سول ہسپتال کے مطابق متاثرہ افراد میں نمکیات کی کمی پائی گئی جنہیں طبی امداد دے کر فارغ کردیا گیا۔انچارج شعبہ حادثات نے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال اور سخت گرمی میں غیر ضروری نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق سول ہسپتال میں آج ہیٹ سٹروک سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی تاہم گزشتہ روز سول ہسپتال میں ہیٹ اسٹروک سے 8 افراد جاں بحق ہوئے، اسی طرح جناح ہسپتال میں ہیٹ اسٹروک سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔