سابق کپتان سرفراز احمد کی سخت گرمی میں ٹریننگ

کراچی(اُمت نیوز)بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد نے سخت ترین گرمی میں پی سی بی کے تحت پری سیزن فٹنس کیمپ میں تربیت کا آغاز کردیا۔

کیمپ میں شریک کرکٹرز سخت گرمی کے سبب بری طرح نڈھال نظر آئے، درجہ حرارت 41 سینٹی گریڈ تک پہنچ جانے کے سبب گرمی کی حدت کھلاڑیوں اور منتظمین کے لیے پریشان کن رہی۔

شام کے سیشن میں شرکاء نے نیشنل اسٹیڈیم گراؤنڈ پہنچ کرفزیکل ٹریننگ میں حصہ لیا جس میں مختصر اور طویل فاصلے کی دوڑیں بھی شامل تھیں، آئی سی سی مینز ٹی ٹو20 ورلڈ کپ 2024 کے 15 رکنی قومی اسکواڈ اور برطانیہ میں کرکٹ کھیلنے میں مصروف قومی کرکٹرز کوپری سیزن کیمپ سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

قومی سلیکشن کمیٹی نے کیمپ کے لیے 10 کھلاڑیوں عبداللہ شفیق، فیصل اکرم، امام الحق، محمد حارث ،وسیم جونیئر،ثمین گل، سرفراز احمد، سعود شکیل، عثمان قادر اور زاہد محمود کے ساتھ پاکستان شاہینز کے 14 کھلاڑیوں حسیب اللہ ، حنین شاہ، محمد عرفان خان، کامران غلام، کاشف علی، خرم شہزاد، مہران ممتاز، محمد حریرہ، مبصر خان، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، شاہنواز دھانی، طیب طاہر اور عمر امین کو طلب کیا تھا۔ اگلے ہفتہ مزید ایک کھلاڑی کی شمولیت بعد کیمپ کے شرکا کی تعداد 24 ہوجائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔