لاہور(اُمت نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر ڈرین اور ندی نالوں کی بھرپور صفائی کا حکم دیدیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ہیڈ آفس کا دورہ کیا، سیکرٹری اریگیشن،چیف میٹرالوجسٹ،ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تفصیلی بریفنگ دی،وزیراعلیٰ مریم نواز نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر ڈرین کی بھرپور صفائی کی ہدایت کرتے ہوئے پنجاب بھر میں ندی نالوں کی صفائی کا حکم دیاجبکہ ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظراضلاع سے ڈیلی رپورٹ طلب کر لی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نےہنگامی صورت میں متاثرہ علاقوں میں عوام کو انخلاء کے پلان سے آگاہ کرنے اور متاثرہ دیہات کے لوگوں کو قیام وطعام کےمقام سےمتعلق آگاہ کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ ندی نالوں میں تجاوزات اور رکاوٹیں ہٹائی جائیں،ممکنہ سیلا ب کے پیش نظر آبادی کےبروقت انخلا کی پلاننگ کی جائے،انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ مال مویشی کوبھی بروقت نکالاجائے،دنیا بھر میں ارلی فلڈ وارننگ سسٹم رائج ہے،پاکستان میں کیوں پتہ نہیں چلتا،بارشوں کی صورت میں ہرشہرمیں پانی کی فوری نکاسی کا انتظام کیا جائے۔