شمالی کوریا کی جانب سے داغا گیا ہائپر سونک میزائل فضا میں ہی پھٹ گیا۔اس بات کا دعویٰ جنوبی کوریا اور جاپان کی جانب سے کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا نے ہائپر سونک میزائل مشرقی ساحل سے داغا تھا جو فضا میں پھٹا ہے۔
شمالی کوریا کی جانب سے کیے گئے اس میزائل تجربے کے موقع پر جنوبی کوریا کے انچیون ہوائی اڈے پر پروازوں کو 3 گھنٹے کے لیے روکنا پڑا۔
جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کی جانب سے اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ میزائل شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ کے قریب سے داغا گیا جو فضا ہی میں پھٹ گیا۔
اس سلسلے میں جاپان کی وزارتِ دفاع نے بتایا ہے کہ میزائل نے تقریباً 100 کلو میٹر کی بلندی اور 200 کلو میٹر سے زیادہ کی رینج تک پرواز کی۔
جنوبی کوریا، جاپان اور امریکا کے سینئر حکام نے اس لانچ کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کی خلاف ورزی اور خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔
اس سے قبل شمالی کوریا کی جانب سے رواں برس آخری میزائل تجربہ 30 مئی کو کیا گیا تھا۔