محمد وسیم 2020 سے 2022 کے دوران قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں، فائل فوٹو
محمد وسیم 2020 سے 2022 کے دوران قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں، فائل فوٹو

محمد وسیم پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر،کوچنگ اسٹاف تبدیل

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد وسیم کو قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق قومی ویمنز ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کو بھی تبدیل کردیا گیا، محمد وسیم ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں گے۔

پی سی بی کے مطابق تبدیلی کے تحت سابق ٹیسٹ کرکٹرعبدالرحمن اسپن بولنگ کوچ اور جنید خان اسسٹنٹ کوچ ہوں گے جبکہ حنیف ملک کو فیلڈنگ کوچ اور حنامنور کو ویمنز ٹیم کا منیجر مقرر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ محمد وسیم 2020 سے 2022 کے دوران قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔

آئندہ ماہ ہونے والے اے سی سی ویمن ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2024 کے سلسلے میں پاکستان ویمن ٹیم کا 4 روزہ ٹریننگ کیمپ بدھ کے روز حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں شروع ہوگیا۔

ویمن نیشنل سلیکشن کمیٹی نے کیمپ میں 28 کرکٹرز کو مدعو کیا ہے، کمیٹی کیمپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد سری لنکا میں ہونے والے ایونٹ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کرے گی۔

ویمن کھلاڑی جمعے کو بھی نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گی جبکہ وہ جمعرات اور ہفتے کے روز معین خان کرکٹ اکیڈمی میں دو ٹی ٹوئنٹی پریکٹس میچز کھیلیں گی۔

آٹھ ٹیموں پر مشتمل اے سی سی ویمن ایشیا کپ 19 سے 28 جولائی تک سری لنکا کے شہر دمبولا میں کھیلا جائے گا۔

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کو گروپ اے میں بھارت نیپال اور یو اے ای کے ساتھ رکھا گیا ہے، ٹورنامنٹ کے پہلے روز پاکستان روایتی حریف بھارت سے مقابلہ کرے گا جبکہ نیپال اور متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ 21 اور 23 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔