اسلام آباد: امریکی ایوان نمائندگان نے بھاری اکثریت سے پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد انتخابی دھاندلی کے دعوؤں کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کے حق میں ووٹ دے دیا۔
امریکی ایوان نے ”پاکستان کے فروری 2024 کے انتخابات میں مداخلت یا بے ضابطگیوں کے دعووں کی مکمل اور آزادانہ تحقیقات“ کی قرارداد پر7-368 ووٹ دیا۔
قرارداد میں پاکستان کے عوام کی جمہوریت میں شرکت کو دبانے کی کوششوں، ہراساں کرنے، دھمکیاں دینے، تشدد، من مانی حراست، انٹرنیٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن تک رسائی پر پابندی سمیت شہری یا سیاسی حقوق کی کسی بھی خلاف ورزی کی مذمت کی گئی۔
ایوان کی قرارداد 901 میں کہا گیا کہ یہ پاکستان میں جمہوریت اور انسانی حقوق کی حمایت کا اظہار کرنا ہے۔ قرارداد نے ”پاکستان کے سیاسی، انتخابی یا عدالتی عمل کو تباہ کرنے کی کسی بھی کوشش کی بھی مذمت کی۔“
قرار داد میں پاکستانی حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ جمہوری اور انتخابی اداروں، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھے اور پاکستانی عوام کی آزادی صحافت، آزادیِ اجتماع اور تقریر کی بنیادی ضمانتوں کا احترام کرے۔