اسلام آباد(اُمت نیوز) مسلسل 4 بار قیمتوں میں کمی کے بعد یکم جولائی سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 7 سے 8 روپے فی لیٹر اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جس کی بنیادی وجہ عالمی منڈی میں نرخ کا بڑھنا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک میں مجوزہ بجٹ کے زیراثربھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا امکان ہے، گزشتہ 15 دنوں کے دوران عالمی منڈی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بالترتیب 4.4 اور 5.5 ڈالر فی بیرل بڑھی ہیں، حتمی حساب و کتاب اور موجودہ ٹیکس ریٹس کی بنیاد پر پیٹرول کی قیمت 7 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 8.5 روپے فی لیٹر اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
اوگرا پیٹرولیم مصنوعات کی سمری حکومت کو بھیجے گی، قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ وزیراعظم وزارت خزانہ کی مشاورت سے کریں گے، حکومت ریونیو ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرے گی۔
خیال رہے کہ اس وقت پیٹرول فی لیٹر قیمت 258.16 روپے اور ڈیزل 267.89 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہے۔