امریکا میں بطور سفیرِ پاکستان ذمے داری مکمل کر لی: مسعود خان

امریکا(اُمت نیوز)امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان کا کہنا ہے کہ امریکا میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے اپنی ذمے داری مکمل کر لی۔

امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے الوداعی پیغام جاری کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مارچ 2022ء سے مشترکہ طور پر پاک امریکا تعلقات مضبوط بنانے کی کوشش کی، اس سلسلے میں امریکی انتظامیہ، کانگریس، ریاستی حکومتوں اور اسمبلیوں کا مشکور ہوں۔

سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں، تھنک ٹینکس، میڈیا، سول سوسائٹی کا بھی مشکور ہوں، نجی شعبے میں امریکی دوستوں کی طرف سے ملی حمایت پر شکر گزار ہوں۔

انہوں نے کہا ہے کہ اتار چڑھاؤ کے باوجود ہمیں پاک امریکا تعلقات مضبوط بنانے کے لیے ثابت قدم رہنا چاہیے، پاک امریکا مضبوط تعلقات کا قیام ایک جاری عمل ہے جس کے پیچھے 77 سال کی تاریخ ہے۔

سفیر مسعود خان کا کہنا ہے کہ حمایت اور افہام و تفہیم پر پاکستانی امریکن کمیونٹی کا بھی مشکور ہوں، پاکستانی امریکن کمیونٹی مضبوط پاک امریکا شراکت داری کے لیے ستون اور مربوط کڑی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی امریکی پیشہ ورانہ تنظیموں کا بھی مشکور ہوں، پاکستانی امریکی پیشہ ورانہ تنظیموں نے مشکل لیکن امید افزاء مراحل میں مدد کی۔

سفیر مسعود خان کا مزید کہنا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ آپ میرے جانشین کی مکمل حمایت کریں گے، آپ کو الوداع کرتے ہوئے آپ سب کی کامیابی اور خوش حالی کے لیے دعاگو ہوں۔

الودائی پیغام میں امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان پر اعتماد رکھیں اور پاکستان و امریکا کے تعلقات کو پروان چڑھاتے رہیں۔