بیوہ خاتون اور بیٹی کو قید کرکے دیوار چننے والا ملزم گرفتار ہو گیا، فائل فوٹو
 بیوہ خاتون اور بیٹی کو قید کرکے دیوار چننے والا ملزم گرفتار ہو گیا، فائل فوٹو

جائیداد پر تنازعے پررشتے داروں نے ماں بیٹی کو دیوار میں چنوا دیا

حیدرآباد میں جائیداد پر تنازعے کے بعد ایک خاتون اور اس کی نوعمر بیٹی کو مبینہ طور پر رشتہ داروں نے دیوار میں چنوا دیا، پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے دیوار توڑ کر ماں بیٹی کو بچایا۔

یہ واقعہ حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد نمبر 5 میں پیش آیا، جہاں متاثرہ خاتون کے بہنوئی سہیل اور اس کے بیٹوں نے جائیداد پر تنازعے کے بعد ماں بیٹی کو ایک کمرے میں بند کرکے دیوار چنوا دی۔

بعد ازاں مقامی لوگوں نے پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی، جس کے بعد دونوں کو بچانے کے لیے دیوار کو گرا دیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ خاتون نے اپنے بہنوئی پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا اور دعویٰ کیا کہ اس نے زبردستی ان کے گھر سے متعلق اہم دستاویزات کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

بیوہ خاتون اور بیٹی کو قید کرکے دیوار چننے والا ملزم گرفتار ہو گیا، حیدر آباد تھانہ بی سیکشن پولیس نے ملزم وسیم کو گرفتار کیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزم وسیم بیوہ اور بیٹی کو قید کرنے والے مرکزی ملزم سہیل کا سالا ہے، ملزم وسیم نے اپنے بہنوئی سہیل کے ساتھ مل کر ماں بیٹی کو قید کیا تھا۔؎

واضح رہے کہ گزشتہ روز حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد میں ماں اور بیٹی کو دیوار میں چنوانے کے واقعے کا انکشاف ہوا تھا، لطیف آباد 5 نمبر میں بھتیجوں نے چاچی اور اس کی بیٹی کو قید کر دیا تھا اور فرار ہو گئے تھے۔

بعد ازاں پڑوسی خاتون کے فون کرنے پر بیٹی نے بتایا کہ انھیں کمرے میں بند کر کے دیوار چنوا دی گئی ہے، جس پر پولیس کو مطلع کر دیا گیا اور پولیس نے دیوار توڑ کر متاثرہ خواتین کو بازیاب کیا۔واقعے کا مقدمہ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے، جس کے مطابق بیوہ خاتون تسلیم اور ان کی 14 سالہ بیٹی دعا کو جائیداد کے تنازع پر دیوار میں چنوایا گیا تھا۔

مقدمے کے متن کے مطابق مکان کے تین حصے ہیں، ایک حصے میں ماں اور بیٹی رہائش پذیر ہیں۔متاثرہ خاتون کے مطابق مکان کے کاغذات دیور سہیل کے پاس ہیں، گزشتہ روز ملزمان نے انھیں دیوار میں چنوا کر قید کر دیا تھا۔ خاتون کے مطابق مکان میں ان کے سسر کے سالے اور ان کی اہلیہ رہائش پذیر تھیں جن کا انتقال ہو چکا ہے، جب کہ سہیل انھیں ہراساں کرتا تھا۔

دوسری جانب حیدرآباد میں ماں بیٹی کو کمرے میں بند کرکے دروازے پر دیوار چن دینے کے واقعے سے متعلق نئی وڈیو بھی منظرعام پر آگئی ہے۔ماں بیٹی 12 گھنٹے تک کمرے میں قید رہیں، اہل محلہ نے بھنک پڑنے پر مداخلت کی، ہاتھوں اور ڈنڈوں سے دیوار اکھاڑ دی۔