ایم کیوایم سابق وزیر اعظم کیخلاف بات کرنے پر معافی مانگے، فائل فوٹو
ایم کیوایم سابق وزیر اعظم کیخلاف بات کرنے پر معافی مانگے، فائل فوٹو

سندھ حکومت کا گورنر سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ

کراچی : سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم آج بھی صوبے کے بیشتر مسائل کی ذمہ دار ہے، لوگوں کو جلانے والے پیپلزپارٹی پر الزامات لگا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر ناصرحسین شاہ کے ہمراہ نیوزکانفرنس میں شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم کی قیادت کوسیاست چمکانے کا شوق ہوگیا ہے، متحدہ آج یو سی لیول تک نظر نہیں آتی، خالد مقبول صدیقی نے شہید ذوالفقار بھٹو کیخلاف زہرانگیز گفتگو کی۔

انھوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اس ملک کیلیے نہایت اہم رہے ہیں، پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں پی پی پی کو ہٹا دیں تو پیچھے کچھ نہیں بچتا، ایم کیو ایم نے سندھ حکومت پر جھوٹے الزامات لگائے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو پر ملک کو تقسیم کرنے کا الزام لگانا شرمناک ہے، ایم کیوایم سابق وزیر اعظم کیخلاف بات کرنے پر معافی مانگے، عوام نفرت انگیز، تعصب انگیز گفتگو اب پسند نہیں کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی اداروں میں آدھے سے زائد ایم کیو ایم نے اپنے کارکنان کو بھرتی کیا، ہزاروں کی تعداد میں ہر محکمے میں غیرقانونی بھرتیاں ہوئیں، ایم کیو ایم کا ایک ملازم ایک ہی وقت میں تین جگہوں سے تنخواہیں لیتا تھا، ایم کیو ایم کو شرم آنی چاہیے، بلدیہ میں لوگوں کو بھتے کے لیے زندہ جلایا گیا، گورنر سندھ کو عہدے سے فوری مستعفی ہونا چاہیے ، کامران ٹیسوری فوری استعفی دیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم نے پرانی سوچ نہیں چھوڑی، ایم کیو ایم نفرت کی سیاست کر رہی ہے، دم اب تک ٹیڑھی کی ٹیڑھی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔