کراچی: عوامی کالونی تھانے کی حدود کورنگی صنعتی ایریا میں نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے کونسلر کو قتل کردیا۔ پولیس نے واقعے کو بظاہر ذاتی رنجش کی بنا پر ٹارگٹ کلنگ قراردیا ہے۔
پولیس کے مطابق دوا سازکمپنی کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے چلتی موٹر سائیکل پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار شخص موقع پرجاں بحق ہوگیا، جس کی لاش ایمبولینس کے ذریعے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کی گئی، جہاں مقتول کی شناخت 33 سالہ عامرعباسی ولدعزیزعباسی کے نام سے کی گئی۔
مقتول وارڈ 4بھٹائی کالونی کا کونسلر اور تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے تھا۔ ایس ایس پی کورنگی توحید الرحمٰن سمیت دیگر افسران بھی موقع پر پہنچ گئے اورپولیس نےجائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو بھی موقع پر طلب کرلیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کا کسی سے تنازع چل رہا تھا اور اس سلسلےمیں ایک مقدمہ بھی ہوا تھا۔ مقتول مقدمے کی پیروی کے سلسلے میں ملیرکورٹ سے واپس آرہا تھا کہ راستے میں نشانہ بنایا گیا۔ مقتول پرتعاقب میں آنے والے 2 نامعلوم مسلح ملزمان نے پیچھے سے فائرنگ کی۔ پولیس کو جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کا ایک خول بھی ملا ہے جسے پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔