راولپنڈی (اُمت نیوز)خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 2 الگ الگ کارروائیاں کرتے ہوئے 9 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے تیراہ میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔ آپریشن میں دہشت گرد کمانڈر نجیب عرف عبدالرحمان اور اشفاق عرف معاویہ سمیت 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ہلاک دہشتگرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔
ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
سیکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی لکی مروت میں کی جہاں آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لکی مروت آپریشن میں 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔