پرواز مہم کے تحت یورپین ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور یورپی یونین کے تعاون سے غیر قانونی ہجرت کے نقصانات کے حوالے سے ایک آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد نوجوانوں میں غیر قانونی ہجرت کے خطرات اور پاکستان میں موجود مواقع کے بارے میں شعور اجاگر کرنا تھا۔
تقریب کا انعقاد باراکہو، اسلام آباد میں کیا گیا، جس میں مقامی کمیونٹی کے افراد، نوجوانوں، طالبعلموں اور مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ماہر سپیکر اور دیگر ماہرین نے غیر قانونی ہجرت کے خطرات اور اس کے نقصانات پر تفصیلی بات کی۔ انہوں نے نوجوانوں کو ملک میں موجود مختلف مواقع کے بارے میں آگاہ کیا اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے قانونی راستے اختیار کریں۔ اس مہم کا مقصد نوجوانوں کو آگاہی فراہم کرنا، پاکستان میں موجود مواقع کی نشاندہی کرنا اور ہجرت کے قانونی راستوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنا تھا۔
اس پروگرام کے پراجیکٹ کوآرڈینیٹر، امان اللہ نے پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے لیکن پھر بھی ہر سال ہزاروں افراد یورپ ، امریکہ اور دیگر ممالک جانے کے لیے غیر قانونی راستے اپناتے ہیں اور اپنی زندگی مشکل میں ڈالتے ہیں۔ ملک کی نوجوان نسل کی آگہی اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے اس پرواز نامی مہم کے تحت ملک بھر میں ۳۰ ایسے آگہی سیمینار منعقد کیے جائیں گے تاکہ نوجوان بہتر فیصلے کرنے کے قابل ہو سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مواقع اور وسائل سے مالا مال ہے، یہاں موجود ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ سنٹرز نئی نسل کی مہارتوں اور استعداد میں اضاگی کرنے کے مقصد سے کام کررہے ہیں۔ تھوڑی سی محنت، تحقیق، موجودہ وسائل پر نظر ثانی، اپنی قابلیت میں اضافے کے ذریعے آپ ان مشکلات سے بچ سکتے ہیں۔
سیمینار کے ماہر سپیکر ، زین العابدین نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اپنے اہل خانہ کا سہارا بنا جائے، نہ کہ انہیں بے سہارا کر دیا جائے۔ لہذا قانونی طریقے سے بیرون ملک جائیں اور بہتر روزگار کمانے کے لیے اپنی مہارتوں میں اضافہ کریں اور کسی بھی ملک میں جا کر ان پر بوجھ بننے کی بجائے، وہاں کی معیشت میں مثبت کردار ادا کریں ۔ لیکن یہ تاثر غلط ہے کہ آپ صرف بیرون ملک جا کر ہی بہتر روزگار کما سکتے ہیں، اپنے ملک میں بھی بہت سے مواقع موجود ہیں ، ضرورت ہے تو انہیں تلاش کرنے کی اور خود کو ان کے لیے تیار کرنے کی۔ یورپین ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا یورپی یونین کی مالی معاونت سے چلنے والا پراجیکٹ سیفر نامی یہ منصوبہ انہی موضوعات سے متعلق نوجوانوں کی رہنمائی کر رہا ہے۔
تقریب میں شریک ایک نوجوان نے کہا، "یہ تقریب ہمارے لیے بہت معلوماتی ثابت ہوئی۔ ہمیں نہ صرف غیر قانونی ہجرت کے خطرات کے بارے میں آگاہی ملی بلکہ پاکستان میں موجود مختلف مواقع کے بارے میں بھی معلومات حاصل ہوئیں۔