لاہور ہائیکورٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون جج چیف جسٹس کے عہدے پر فائز ہوگئی ہیں، جسٹس عالیہ نیلم کو لاہور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس نامزد کردیا گیا ہے، جوڈیشل کمیشن نے جسٹس عالیہ نیلم کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بنانے کی منظوری دے دی ہے۔
تاریخ میں پہلی بار چیف جسٹس کا تقرر تین ججز کے درمیان ووٹنگ کے ذریعے ہوا، جسٹس عالیہ ہائیکورٹ کی سنیارٹی لسٹ میں تیسرے نمبر پر تھیں۔
لاہور کی جسٹس عالیہ نیلم 1966 میں پیدا ہوئیں، انہوں نے پنجاب یونیورسٹی لا کالج سے 1995میں لاء کی ڈگری حاصل کی، جسٹس عالیہ نیلم نے قانون کے دیگر ڈپلومے بھی کر رکھے ہیں۔
جسٹس عالیہ نیلم 1996 میں بطور وکیل رجسٹرڈ ہوئیں، 1998 میں ہائیکورٹ جبکہ 2008 میں سپریم کورٹ کی وکیل بنیں، جسٹس عالیہ نیلم آئینی، سول، فوجداری، دہشتگری سمیت دیگر شعبوں میں پریکٹس کرتی رہیں۔
جسٹس عالیہ نیلم 2013 میں لاہور ہائیکورٹ کی ایڈہاک جج کے طور پر تعینات ہوئیں اور 2015 میں لاہور ہائیکورٹ کی مستقل جج بن گئیں۔جسٹس عالیہ نیلم نے ویڈیو لنک پر شواہد ریکارڈ کرنے کی ایس او پیز بھی جاری کیں۔