کراچی: آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے 5 جولائی کو ہونے والی ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اعلان کیا تھا کہ ایڈوانس ٹیکس واپس نہ ہوا تو 5 جولائی کو پورا ملک بند کردیں گے۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین عبدالسمیع خان نے کہا تھا کہ پیٹرولیم ڈیلرز کا وفد اسلام آباد جارہا ہے، وہاں ہم وزیرخزانہ، پیٹرولیم منسٹر اور چئیرمین ایف بی آر سے ملنے کی کوشش کریں گے، مسائل حل نہ ہوئے تو 5 جولائی کو پورا ملک بند کردیا جائے گا۔
جس کے بعد آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کیا۔ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شمس شاہوانی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی جاری رہے گی، موجودہ صورت حال میں سپلائی بند کرنے کا سوچ نہیں سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے صارفین کو پریشانی سے بچانے کے لیے فیصلہ کیا ہے۔