اسلام آباد:آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان ٹیکسز کے معاملے پر مذاکرات ایک بار پھر ناکام ہوگئے اور ڈیڈ لاک برقرار ہے۔کئی شہروں میں ہڑتال نکام ہو گئی ،پٹرول پمپ کھلے ہوئے ہیں، ٹریفک رواں دواں ہے۔
ایسوسی ایشن کی کال پر آج ملک بھر میں متعدد پیٹرول پمپس بند کردیے گئے، جس کے باعث رات گئے پیٹرول پمپس پر رش بڑھ گیا، دوسری جانب ایسویسی ایشن نے دھمکی دی ہے کہ مطالبات نہ مانے گئے تو ہڑتال کا دورانیہ بڑھ بھی سکتا ہے۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے پیٹرول پمپس پر ڈبل ٹیکسیشن کے نفاذ کے خلاف ہڑتال کے باعث آج کراچی کے مختلف پیڑول پمپس کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
گزشتہ رات سے ہی ہڑتال کی حمایت کرنے والے پمپ مالکان نے پیٹرول کی فراہمی بند کردی تھی اور انتظامیہ نے شامیانے اور قناعتیں لگا کرپمپس بند کردیے تھے جبکہ کچھ پیٹرول پمپس پر پیٹرول کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں پرگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال کے باعث پشاور میں بھی پیٹرول پمپس آج بند ہیں۔پیٹرولیم ڈیلرز ایسسی ایشن کی جانب سے آج ہڑتال کی کال دی گئی تھی جس کے پیش نظر پشاور میں بھی پٹرول پمپس بند کردیے گئے ہیں۔
رنگ روڈ، جی ٹی روڈ سمیت شہر کے کئی علاقوں میں پمپس پر پٹرول کی فراہمی معطل ہے تاہم دوسری جانب سے پی ایس او پمپس کی جانب سے پیٹرول فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
آل پاکستان پیٹرولیم ایسوسی ایشن کی ایڈوانس ٹیکس کے حکومتی فیصلے کے خلاف ہڑتال ناکام ہوگئی، سکھر اور گردونواح کے تمام پیٹرول پمپوں پر پیٹرول کی فراہمی جاری ہے۔
آل پاکستان پیٹرولیم ایسوسی ایشن کی جانب سے ایڈوانس ٹیکس کے خلاف دی جانے والی ملک گیر ہڑتال کی کال پر سکھر سمیت گردونواح کے چھوٹے بڑے شہروں میں پیٹرول پمپ کُھلے ہوئے ہیں جس کے باعث اندرون سندھ ہڑتال ناکام ہوگئی۔
سکھر شہر کے پی ایس او سمیت نجی کمپنیوں کے تمام پیٹرول پمپ کھلے ہیں جہاں عوام کو پیٹرول کی فراہمی جاری ہے۔
پیٹرول پمپ کھلے ہونے سے لوگوں کو پیٹرول با آسانی دستیاب ہے اور زندگی معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔
کوئٹہ میں بھی پیٹرول ڈیلر ایسوسی ایشن کی ہڑتال ناکام ہوگئی، کوئی پمپ بھی بند نہیں، نئے ٹیکس عائد کیے جانے والے کے خلاف کی جانے والی ہڑتال کی حمایت کی گئی تھی لیکن کوئٹہ میں عمل درآمد نہیں ہوسکا۔
پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کی کال کے باوجود ملک کے مختلف شہروں میں پٹرول پمپس پر سپلائی معمول کے مطابق جاری ہے۔
لاہور شہر کے بیشتر علاقوں جلو موڑ، جی ٹی روڈ، گڑھی شاہو، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، مغلپورہ، کنٹونمنٹ سمیت شاد باغ، عامر روڈ کے علاقوں کے پٹرول پمپس کھلے ہیں، رات گئے اسلام آباد اور راولپنڈی کیلئے ہڑتال کی منسوخی کے بعد سے پٹرول پمپ مالکان تذبذب کا شکار ہیں۔
دوسری جانب لودھراں میں بھی پٹرول پمپ مالکان نے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا، شہر کے تمام پٹرول پمپس پر معمول کے مطابق پٹرول کی فروخت جاری ہے۔پٹرول پمپس کے عملے کا کہنا ہے کہ ہمیں ہڑتال بارے کوئی ہدایات نہیں ملیں۔
یاد رہے کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے فنانس بل میں 0.5 فیصد ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس لگانے کے خلاف آج سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔
صرف راولپنڈی اور اسلام آباد کیلیے ہڑتال کی منسوخی نے دیگر شہریوں کے پٹرول پمپس بھی کھلوا دیے۔