اسلام آباد(پریس ریلیز) ملک بھر کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافے، ٹیکس اور مہنگائی کے خلاف آئی ایٹ مرکز،پی ڈبلیو ڈی، ترلائی سکول سٹاپ،سنگجانی سمیت شہر کے آٹھ مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے،۔آئی ایٹ مرکز میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھونے کی جس میں تاجر تنظیموں کے نمائندوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، مظاہرین نے مہنگائی ٹیکس میں اضافے اور زائد بلوں کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھ رکھے تھے جن پرسود ختم کرو،عوام کا معاشی قتل بند کرو اور آئی ایم ایف کی غلامی نامنظور جیسے نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو، جنرل سیکرٹری مرکزی مسلم لیگ ضلع اسلام آباد انعام الرحمان،مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد کے مقامی رہنمایاسر عرفات بٹ، تاجر رہنما آئی ایٹ زاہد محمود قریشی، راجہ فیاض گل، چوہدری شفقت وڑائچ ودیگر نے خطاب کیا، صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ ناجائز ٹیکسز اور بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف جلد کل جماعتی کانفرنس منعقد کرے گی اور تمام جماعتوں کی مشاورت سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کے بلوں میں ناجائز ٹیکس معاشی دہشتگردی ہے،بڑھتی ہوئی مہنگائی ناقابل برداشت ہے،حکومت اپنی عیاشیاں کم کرنے کی بجائے تمام تر بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے،آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کیلئے عوام کے اوپر مہنگائی کا بوجھ بڑھایا جا رہا ہے،اشرافیہ کے علاوہ پوری قوم مہنگائی سے پریشان اور سراپا احتجاج ہے، الیکشن سے پہلے تین سو یونٹ فری دینے کا وعدہ کرنے والے آج قوم کا خون چوس رہے ہیں،پاکستان کا نوجوان اپنے مستقبل کو تاریک ہوتا دیکھ کر مایوسی کا شکار ہے،انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی مسلم لیگ عوام کے حقوق کیلئے احتجاج سمیت آئینی وقانونی جدوجہد کرے گی۔