اسلام آباد(اُمت نیوز)ترنول جلسے کا این او سی منسوخ کرنے پر پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔
پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔
وکیل شعیب شاہین کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 3 جون کو جلسے کے این او سی کے لیے رجوع کیا، اسلام آباد انتظامیہ نے ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں 6 جولائی کو این او سی جاری کیا۔
درخواست میں کہا گیا کہ عامر مغل جلسے کے لیے نمائندہ مختص کرنے کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس پہنچے، ان کو گرفتار کر لیا گیا، جلسے کے لیے مشکلات پیدا کرنا شروع کر دیں۔
پی ٹی آئی کے وکیل نے درخواست میں کہا ہے کہ ٹوئٹ کے ذریعے معلوم ہوا تحریک انصاف کے جلسے کا این او سی منسوخ کر دیا گیا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود ترنول جلسے کا این اوسی معطل کرنا توہین عدالت ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ این او سی معطل کرنے والوں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔