لاہور(اُمت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو 3 مقدمات میں عبوری ضمانت کے لیے ویڈیو لنک پر عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی عدم موجودگی کے باوجود ضمانتیں کنفرم ہوسکتی ہیں۔
جج نے عدالتی عملے کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو لنک پر پیشی کے لیے اڈیالہ جیل میں رابطہ کریں۔
عدالتی عملے نے کہا کہ جیل انتظامیہ سے رابطہ نہیں ہو رہا۔
واضح رہے کہ عدالت نے اڈیالہ جیل سے بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک پر پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔