اسکردو(اُمت نیوز)گلیشیئر پگھلنے سے اسکردو میں آنے والے سیلاب نے تباہی مچا دی ، سیلابی نالے کی زد میں آنے سے دو درجن سے زائد مکانات اور سیکڑوں کنال اراضی پر فصلیں تباہ ہو گئیں۔
سیلاب نے برگی نالے کے قریب واقع متعدد دیہاتوں کو متاثر کیا، پانی کی فراہمی اور آبپاشی کے چینلز کو بھی نقصان پہنچا ہے، مقامی لوگوں کے مطابق سیلابی پانی سے گھروں کو نقصان پہنچنے سے درجنوں خاندان بے گھر ہو گئے ہیں۔
مقامی رہائشیوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ علاقے کو مزید تباہی سے بچانے کے لیے حفاظتی اقدامات کریں، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیلابی پانی کو بستیوں اور زرعی علاقوں میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
سیلاب سے متاثرہ شخص نے بتایا کہ سیلاب کے باعث نہ صرف میرا گھر تباہ ہوا بلکہ میری کاشت کی گئی زمینیں، فصلیں اور درخت بھی سیلاب میں بہہ گئے، اب میرے پاس روزی کمانے کے لیے کچھ نہیں بچا، میرے روزی کمانے کے تمام ذریعے پانی میں بہہ گئے۔
دوسری جانب اسکردو کے ڈپٹی کمشنر سمیع خان نے کہا ہے کہ لوگوں نے نالے پر تجاوزات قائم کر رکھی ہیں جس سے پانی کا راستہ بند ہو گیا ہے، تجاوزات کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرکے غیر قانونی عمارتوں کو مسمار کیا جائے گا۔