ٹرین سروس معطل ہونے سے ہزاروں افراد ریلوے اسٹیشن پر پھنس گئے، فائل فوٹو
ٹرین سروس معطل ہونے سے ہزاروں افراد ریلوے اسٹیشن پر پھنس گئے، فائل فوٹو

 ممبئی میں بارش نے تباہی مچا دی,50 پروازیں منسوخ

ممبئی میں گزشتہ 6 گھنٹوں میں 315 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی جس کے باعث 50 پروازیں منسوخ کردی گئیں، ٹرین سروس معطل ہونے سے ہزاروں افراد ریلوے اسٹیشن پر پھنس گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مسلسل ہونے والی بارش میں ممبئی میں جل تھل ایک ہوگیا۔ مضافاتی علاقوں پالگھر، تھانے اور رائے گڑھ میں 30 لاکھ سے زائد افراد ریلوے، بجلی اور ٹرانسپورٹ کی سہولت سے محروم ہوگئے۔

امدادی کاموں کے دوران نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے اہلکاروں نے کشتیوں اور لائف جیکٹس کی مدد سے مہاراشٹر کے علاقے تھانے میں ’’واٹر ریزورٹ‘‘ سے 49 لوگوں اور پالگھر میں 16 دیہاتیوں کو بچایا۔

مبئی میں بارش کے باعث 50 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ جگہ جگہ بل بورڈز اور درخت اکھڑے پڑے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے مزید دو روز تک وقفے وقفے سے بارش کے جاری رہنے کی پیشن گوئی کی ہے۔

ممبئی کے میونسپل اداروں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور اسپتالوں میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا۔ممبئی کے ساحلی اور مضافاتی علاقوں میں اورنج الرٹ جاری کردیا گیا۔