کینیا کی اعلیٰ عدالت نے پاکستانی صحافی ارشد شریف کی ہلاکت کے معاملے میں ان کی اہلیہ کی جانب سے دائرکردہ درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کینیا کی حکومت کو اس واقعے کے ذمے دار پولیس اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق کینیا کی ہائیکورٹ کی جج جسٹس سٹیلا موٹوکونے پاکستانی صحافی پر کینیا کی پولیس کے اہلکاروں کی فائرنگ کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور غیرقانونی قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ سینئر صحافی و اینکر پرسن ارشد شریف کو 24 اکتوبر 2022 کو کینیا کے شہر نیروبی میں میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔
کینیا کی عدالت نے اپنے فیصلے میں حکومت کو حکم دیا کہ صحافی ارشد شریف پر فائرنگ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔ جسٹس سٹیلا کا کہنا تھا کہ ہر شخص آئین اور قانون کے سامنے برابر ہے اور اسے زندہ رہنے کا حق حاصل ہے۔
فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ارشد شریف کے قتل کی گہرائی کے ساتھ تحقیقات ہونا لازم ہیں اور ان پر ہونے والی فائرنگ کے بارے میں معلومات کی عدم فراہمی، معلومات کے حصول کے حق کی خلاف ورزی ہے۔