لاہور: تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے مقدمات میں جیل ٹرائل کے لیے اڈیالہ جیل راولپنڈی سے سے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں پیش کر دیا گیا۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے 9 مئی سے متعلق جناح ہاؤس اور تھانہ شادمان سمیت دیگر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات کی کوٹ لکھپت جیل لاہور میں سماعت کی۔
اے ٹی سی لاہور نے شاہ محمود قریشی سمیت دیگر ملزمان کو مقدمے کے چالان کی نقول فراہم کرتے ہوئے فردجرم عائد کرنے کے لیے 15جولائی کو طلب کرلیا۔
گزشتہ سماعت پر عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو پیش کرنے کے احکامات جاری کیے تھے جن پر عملدرآمد کرتے ہوئے اڈیالہ پولیس نے سابق وزیر خارجہ کو ہتھکڑی لگا کر جیل ٹرائل کے لیے کوٹ لکھپت جیل میں پیش کیا۔
شاہ محمود قریشی کے خلاف 9 مئی کو جناح ہاؤس اور تھانہ شادمان سمیت دیگر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات درج ہیں۔
جیل ٹرائل میں حاضری مکمل ہونے پر شاہ محمود کو واپس راولپنڈی کی اڈیالہ جیل روانہ کر دیا گیا۔
اس سے قبل سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو سخت سیکیورٹی میں علی الصبح راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے لاہور کی کوٹ لکپھت جیل منتقل کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی پر لاہور میں 9 مئی کے سات مقدمات درج ہیں، پولیس اڈیالہ جیل میں 9 مئی کے مقدمات میں شاہ محمود قریشی سے تفتیش بھی کر چکی ہے۔