مخصوص نشستوں سے متعلق سنی اتحاد کونسل کی درخواست پر سماعت آج

اسلام آباد(اُمت نیوز)مخصوص نشستوں کے حوالے سے سنی اتحاد کونسل کی درخواست پر سماعت آج سپریم کورٹ میں ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق مخصوص نشستیں سنی اتحاد کونسل کو مل سکیں گی؟ یا باقی سب جماعتوں کو ہی ملیں گی؟

یا پھر یہ معاملہ پارلیمنٹ کو ہی طے کرنے کو بھیج دیا جائے گا؟، سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں سے متعلق اہم کیس کی سماعت حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں فل کورٹ آج صبح 11:30 بجے کیس کی سماعت کرے گا، سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے حوالے سے اب تک 7 سماعتیں ہو چکی ہیں، الیکشن کمیشن کا موقف ہے کہ سنی اتحاد کونسل مخصوص نشستوں کی حقدار ہی نہیں رہی۔

سنی اتحاد کونسل کے وکیل فیصل صدیقی اور کنول شوزب کے وکیل سلمان اکرم راجہ اپنے دلائل مکمل کر چُکے، الیکشن کمیشن کے وکیل اور اٹارنی جنرل بھی دلائل دے چُکے ہیں، آج کی سماعت کے دوران سنی اتحاد کونسل کے وکیل فیصل صدیقی جواب الجواب میں دلائل دیں گے۔