کراچی (اُمت نیوز)تحریک قیام پاکستان میں قائد اعظم محمد علی جناح کا دست بازو رہنے والی ہمشیرہ مادر ملت فاطمہ جناح کی 57 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مادر ملت فاطمہ جناح کی پیدائش جناح خاندان میں 30 جولائی 1893ء کو ہوئی اور برصغیر میں بمبئی پریزیڈنسی کے دوران گجرات کے کاٹھیاواڑ میں جناح بائی پونجا اور میتھی بائی کے 7 بچوں میں سب سے چھوٹی تھیں۔
فاطمہ جناح کو مادر ملت یعنی قوم کی ماں کے لقب سے جانا جاتا ہے، وہ تجربہ کار اور قابل احترام خاتون سیاسی رہنما، دانتوں کی سرجن اور پاکستان کے معروف بانیوں میں سے ایک تھیں، انہیں پاکستان کے بانی اور پہلے گورنر جنرل قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی چھوٹی بہن ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
فاطمہ جناح کی نامکمل کتاب’میرا بھائی‘ ہے جو قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی سوانح عمری تھی، اس کتاب کو قائد اعظم اکیڈمی نے 1987ء میں شائع کیا، فاطمہ جناح کی وفات 9 جولائی 1967ء کو کراچی میں ہوئی اور ان کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے مزار میں دفن کیا گیا۔